QR codeQR code

افغانستان : مویشی منڈی کے قریب حملہ، بچوں سمیت 23 افراد ہلاک

30 Jun 2020 گھنٹہ 4:39

ہلمند کے ایک مصروف بازار میں کار بم دھماکے اور مارٹر شیل حملے کے سبب بچوں سمیت 23 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے،


افغان صوبے ہلمند کے ایک مصروف بازار میں کار بم دھماکے اور مارٹر شیل حملے کے سبب بچوں سمیت 23 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے، طالبان اور افغان ملٹری نے حملوں کی ذمہ داری ایک دوسرے پر عائد کردی۔

افغان میڈیا کے مطابق افغانستان کے جنوبی صوبہ ہلمند میں واقع علاقے سنگین کے مصروف میلہ بازار (مویشی منڈی) میں پیر کی صبح ساڑھے نو بجے دھماکا ہوا جب کہ ایک مارٹر شیل بھی فائر کیا گیا جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 23 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ہلمند کے گورنر محمد یاسین نے اپنے بیان میں واقعے کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے میڈیا کو واقعہ کی مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں اور نہ ہی کسی کو واقعہ کا ذمہ دار قرار دیا ہے۔

ضلع سنگین میں ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری کسی گروپ نے قبول نہیں کی بلکہ طالبان اور افغان فوج ایک دوسرے پر اس کی ذمہ داری عائد کر رہے ہیں۔ افغان میڈیا کے مطابق واقعے کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں کی جاسکی متاثرہ علاقہ طالبان کے زیر اثر ہے۔

طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمدی نے حملے میں طالبان کے ملوث ہونے سے انکار کرتے ہوئے ذمہ داری افغان آرمی پر عائد کی اور کہا کہ افغان آرمی نے بازار پر مارٹر شیل فائر کیا۔ دوسری جانب افغان فوج نے کہا ہے کہ کار بم دھماکے اور مارٹر شیل فائر کرکے جنگجوؤں نے عام شہریوں کو نشانہ بنایا۔

افغان فوج نے مزید کہا کہ پیر کو اس علاقے میں فوج نے کوئی کارروائی نہیں کی جب کہ دو طالبان جنگجو اس وقت ہلاک ہوئے جب کہ بازار میں کار کے اندر بم نصب کررہے تھے۔


خبر کا کوڈ: 467650

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/467650/افغانستان-مویشی-منڈی-کے-قریب-حملہ-بچوں-سمیت-23-افراد-ہلاک

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com