QR codeQR code

حکومت پاکستان جمعۃ الوداع کو سرکاری سطح پر یوم القدس منانے کا اعلان کرے۔

22 May 2020 گھنٹہ 1:22

اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو امریکہ و مغرب کی غلامی چھوڑ کر اتحاد عالم اسلامی کیلئے کوشش کرنا ہوگی۔


تحریک آزادی القدس کے زیر اہتمام پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ شہنشاہ حسین نقوی نے کہا کہ القدس مسلمانوں کا پہلا قبلہ ہے اور اس پر پہلا حق فلسطینی مسلمانوں کا ہے۔جمعۃ الوداع عالمی یوم القدس کے طور پر منایا جائیگا۔

جمعیت علماء پاکستان کے رہنما مولانا عقیل انجم نے مطالبہ کیا کہ حکومت پاکستان جمعۃ الوداع کو سرکاری سطح پر یوم القدس منانے کا اعلان کرے۔

شیعہ علماء کونسل سندھ کے صدر علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ اس مرتبہ یوم القدس کورونا کے باعث محدود لیکن شایان شان طریقے سے منایا جائے گا اور فلسطین و کشمیر سمیت دنیا بھر کے مظلومین سے بھرپور اظہار یکجہتی کیا جائیگا۔

آئی ایس او کراچی ڈویژن کے صدر محمد عباس نے کہا کہ بعد نماز جمعہ شہر کے مختلف علاقوں میں علامتی بائک ریلیاں نکالی جائینگی جبکہ جمعہ کے اجتماعات کے بعد عوام سے اپیل ہے کہ حکومتی SOP کا خیال رکھتے ہوئے بھرپور احتجاج کریں اور خطباء جمعہ سے گزارش ہے کہ اپنے خطبہ میں مسئلہ فلسطین پر روشنی ڈالیں۔

مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویذن کے رہنما علامہ مبشر حسن نے خطاب میں کہا کہ خواتین اور بچوں سے اپیل ہے کہ وہ اپنے گھر کی چھتوں پر فلسطینی پرچم لہرا کر فلسطین سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں۔

پریس کانفرنس سے خطاب مولانا شہنشاہ حسین نقوی،مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنما علامہ مبشر حسن، جمعیت علماء پاکستان کے مولانا عقیل انجم، ایم کیو ایم پاکستان کے میجر (ر) قمر عباس، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی، رہنما ایس یو سی مولانا ناظر تقوی، ڈویژنل صدر آئی ایس او کراچی سمیت دیگر سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات نے کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ قبلہ اول کی سرزمین فلسطین پر اولین حق فلسطینیوں کا ہے۔ مئی 1948 ء میں 14 لاکھ فلسطینیوں کو اپنی سرزمین سے بے دخل کر دیا گیا اور اسرائیل کی ناجائز ریاست وجود میں لائی گئی جو غیر قانونی عمل تھا۔ قبلہ اول کی آزادی کے لیے ایک لاکھ فلسطینی نوجوان اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج بھی امریکہ اور اسرائیل اس کوشش میں ہیں کہ مغربی کنارے کے مزید 30 فیصد رقبہ پر قبضہ کرلیا جائے۔ ہم فلسطین کے خلاف عالمی سازشوں کی مذمت کرتے ہیں اقوام متحدہ اور اقوام عالم فلسطینیوں کی قانونی جدوجہد کی زبانی حمایت کرتے ہیں تاہم مزید عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطین،کشمیر سمیت مقبوضہ مسلم علاقوں کی آزادی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ عالم اسلام کی نااتفاقی اور اسلام دشمن قوتوں پر بھروسہ ہے،ملک میں موجود سیکولر ازم اورلبرل ازم کی دلدادہ ایلیٹ کلاس اور مقتدر طبقہ پاکستان میں اسلام کو پھلتا پھولتا نہیں دیکھنا چاہتا اس کے باوجود وہ مسلمانوں کے دل سے اسلام اور پیغمبر اسلام ﷺ کی محبت کو کم نہیں کرسکا۔اسلام دشمن قوتیں مسلمانوں کو جمہوری طریقے سے بھی آگے بڑھنے سے روک رہے ہیں۔ مغرب کا رویہ بین المذاہب ہم آہنگی اور عالمی امن کیلئے تباہ کن اور دنیا کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کی سازش ہے۔

مقررین کا کہنا تھا کہ امت کے اجتماعی مفاد کیلئے اسلامی ممالک کے حکمرانوں کو امریکہ و مغرب کی غلامی چھوڑ کر اتحاد عالم اسلامی کیلئے کوشش کرنا ہوگی۔ فلسطینی عوام کو در بدر کرنے اور قبلہ اول کا سودا کرنے کیلئے ڈیل آف سینچری کے نام سے شرمناک منصوبہ شروع کیا گیا ہے ہم اسے مسترد کرتے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 463461

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/463461/حکومت-پاکستان-جمعۃ-الوداع-کو-سرکاری-سطح-پر-یوم-القدس-منانے-کا-اعلان-کرے

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com