تاریخ شائع کریں2020 4 May گھنٹہ 23:01
خبر کا کوڈ : 461392

وزیراعظم عمران خان کا مرحلہ وار لاک ڈاؤن کھولنے کا اعلان

'ٹائیگر فورس بنانے کا فیصلہ اس لیے کیا کہ پاکستان کے سامنے بڑا چیلنج ہے: وزیراعظم پاکستان
وزیراعظم عمران خان کا مرحلہ وار لاک ڈاؤن کھولنے کا اعلان
وزیراعظم پاکستان عمران خان نے ٹائیگر فورس کو مشکل وقت سے نکلنے کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم لاک ڈاؤن کو آہستہ آہستہ کھول رہے ہیں اور شرائط پر عمل کرنے کے لیے عوام کو آگاہ کرنا اس رضاکار فورس کا کام ہوگا۔

ٹائیگر فورس سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 'ٹائیگر فورس بنانے کا فیصلہ اس لیے کیا کہ پاکستان کے سامنے بڑا چیلنج ہے کیونکہ دنیا کے اندر ایسا وائرس نکلا جس سے وہ قدم اٹھانے پڑے جو پچھلے 100 سال میں کسی ملک کو نہیں کرنا پڑا اور لاک ڈاؤن کرنا پڑا'۔

انہوں نے کہا کہ 'اس وائرس کو روکنے کے لیے لاک ڈاؤن کیا گیا تو مسئلے آئے اور ہمارے ملک میں سب سے زیادہ مسئلے آئے اور اس لاک ڈاؤن کی وجہ سے عام آدمی، غریب لوگ، تنخواہ دار اور دیہاڑی دار طبقے پر اثرات پڑے'۔

وزیراعظم نے کہا کہ 'ایک بہت بڑا طبقہ متاثر ہوا اور سفید پوش طبقہ بھی متاثر ہوا لیکن اس سے نیچے ایک طبقہ بری طرح متاثر ہوا، ہمارے ہاں پہلے بھی مشکلات تھیں لیکن امیر ممالک بھی اس کی زد میں آئے'۔

انہوں نے کہا کہ 'برطانیہ جیسے ملک کے وزیراعظم نے رضاکار فورس کی اپیل کی، برطانیہ میں تقریباً ڈھائی لاکھ لوگوں نے رضاکارانہ طور پر رجسٹر کروایا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اس رضاکار فورس کا مقصد یہ تھا کہ ایک مشکل وقت میں قوم کو ان لوگوں کی ضرورت ہے جو رضاکارانہ طور پر انتظامیہ کی بھی مدد کرسکتے ہیں کیونکہ انتظامیہ کے پاس بھی اتنے وسائل نہیں ہیں'۔

رضاکار فورس کے فیصلے کے پیچھے کار فرما عوامل پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'جب میں شوکت خانم ہسپتال کے لیے پیسے اکٹھے کرنے کے لیے نکلا تو بہت زیادہ پیسہ جمع کرنا تھا لیکن میری سمجھ میں نہیں آرہا تھا کہ اتنا پیسہ کیسے جمع کروں، اس وقت کسی نے کہا کہ اسکول کے بچوں کو اپنے ساتھ فعال کریں'۔

انہوں نے کہا کہ 'کرکٹ کی وجہ سے اسکول کے بچے مجھے زیادہ فالو کرتے تھے اور میں نے عمران ٹائیگر فورس بنائی جو اسکول کے بچوں پر مشتمل تھی جس نے فنڈ جمع کیا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اسکول کے بچوں نے نہ صرف پیسے جمع کئے بلکہ جب عوام کے اندر گئے تو ایک پیغام بھی گیا اس کی وجہ سے ہم اتنا پیسہ اکٹھا کرسکے اور پاکستان کا پہلا اسپیشلائزڈ ہسپتال بنا سکے جہاں 75 فیصد کینسر کے مریضوں کا علاج مفت ہوتا ہے'۔
https://taghribnews.com/vdceoz8ewjh8pxi.dqbj.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ