QR codeQR code

ایران و پاکستان کے تعلقات پر کسی قسم کی مداخلت برداشت نہیں

جماعت اسلامی  پاکستان  صوبہ سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے کہا

15 Mar 2019 گھنٹہ 13:32

دونوں ملکوں کے تعلقات ہمیشہ سے بہت اچھے رہے ہیں، ایران ہمارا پڑوسی برادر اسلامی ملک ہے، پاکستان کو سب سے پہلے تسلیم کرنے والا ملک ایران ہے


پاکستان کی جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف پاکستانی سرزمین پرمحاذ آرائی قبول نہیں ہے۔
جماعت اسلامی  پاکستان  صوبہ سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے ایران و پاکستان کے مابین روابط کے حوالے سے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات ہمیشہ سے بہت اچھے رہے ہیں، ایران ہمارا پڑوسی برادر اسلامی ملک ہے، پاکستان کو سب سے پہلے تسلیم کرنے والا ملک ایران ہے، ہم ایران کی ہمیشہ بڑی عزت کرتے ہیں، وزیراعظم عمران خان اور ایرانی صدر حسن روحانی کے درمیان ہونے والے ٹیلیفونک رابطے اور پاک ایران تعلقات کو مزید بہتر اور مضبوط بنانے کے عزم کے اظہار کو ہم سراہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین یا پاکستان کا کوئی فرد ایران کے خلاف استعمال نہیں ہونا چاہیئے، اسی طرح بلاواسطہ یا بلواسطہ کسی طرح سے بھی ایران کے خلاف کسی محاذ آرائی کو اپنی سرزمین پر قبول نہیں کرینگے۔ پہلے بھی امریکا نے ہم پر دباؤ ڈال کر پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل نہیں ہونے دیا۔ تاہم پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو ضرور مکمل ہونا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان تو کہتے رہے ہیں کہ ہماری پالیسیاں پرو پاکستان پالیسیاں ہوں گی، ہم نہ تو امریکی مفاد دیکھیں گے اور نہ ہی کسی اور کے مفاد کو دیکھیں گے، ہم صرف پاکستان کے مفادات کو دیکھیں گے، لہٰذا وزیراعظم عمران خان کو چاہیئے کہ پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبے کو جلد مکمل کریں، جس سے ملک کو درپیش گیس و توانائی بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
یاد رہے کہ چند روز قبل اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی اوروزیراعظم پاکستان عمران خان میں ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دہشتگردی کے خلاف دونوں ممالک کے انٹیلی جنس تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔


خبر کا کوڈ: 409071

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/409071/ایران-پاکستان-کے-تعلقات-پر-کسی-قسم-کی-مداخلت-برداشت-نہیں

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com