تاریخ شائع کریں2019 20 February گھنٹہ 13:52
خبر کا کوڈ : 403587

اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی گرفتار

قومی احتساب بیورو نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا۔
اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی گرفتار
قومی احتساب بیورو نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کرلیا۔

نیب کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نیب کراچی نے اپنے راولپنڈی اور نیب ہیڈ کوارٹرز کے انٹیلی جنس ونگ کی معاونت سے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو گرفتار کیا۔

احتساب کے قومی ادارے نے بتایا کہ ملزم پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام ہے اور انہیں ریمانڈ کے لیے کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: آمدن سے زائد اثاثے: نیب نے صوبائی وزیر علیم خان کو گرفتار کرلیا
دوسری جانب ذرائع نے بتایا تھا کہ آغا سراج درانی پر سرکاری فنڈز میں مبینہ خورد برد کا بھی الزام ہے۔
آغا سراج درانی کی اسلام آباد سے گرفتاری کے حوالے سے ذرائع نے بتایا تھا کہ کہ نیب کو کراچی سے ان کی گرفتاری میں کافی مسائل تھے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہا آغا سراج درانی کو اسلام آباد سے اس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ اپنے خلاف کیسز اور اہم دستاویزات پر اثر انداز میں ہوسکتے تھے۔

گرفتاری سے متعلق ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اسپیکر سندھ اسمبلی کو نیب راولپنڈی میں رکھا گیا ہے اور انہیں ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا، جس کے بعد ان کی کراچی منتقلی یقینی بنائی جائے گی۔

دوسری جانب سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جانب سے آج اسلام آباد میں پریس کانفرنس کا امکان ہے، جس میں دارالحکومت میں موجود پی پی رہنما بھی موجود ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس جولائی میں نیب نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کے خلاف کرپشن کے مختلف الزامات پر انکوائری کی منظوری دی تھی۔

نیب کے ریجنل ڈائریکٹر نے پیپلز پارٹی کے رہنما کے خلاف 3 الگ الگ تحقیقات کا آغاز کیا تھا، جس میں پہلی تحقیقات میں آغا سراج درانی پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے کا الزام تھا۔

اس کے علاوہ ان پر دوسرا الزام 352 غیر قانونی تقرریوں کا الزام تھا جبکہ ان کے خلاف تیسری تحقیقات ایم پی اے ہوسٹل اور سندھ اسمبلی کی نئی عمارت کی تعمیر کے لیے مخصوص فنڈ میں خورد برد سمیت ان منصوبوں کے پراجیکٹ ڈائریکٹرز کی تقرریوں سے متعلق تھی۔

واضح رہے کہ احتساب کے قومی ادارے کی جانب سے بلا امتیاز کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے اور ادارے کی جانب سے نہ صرف اپوزیشن بلکہ حکومتی رہنماؤں کو بھی گرفتار کیا جاچکا ہے۔
 
https://taghribnews.com/vdcg7w9tuak9zn4.,0ra.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ