QR codeQR code

شام پر امریکی حملے کے خلاف کراچی میں مظاہرہ

امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی جانب سے شام پر ناجائز اور غیر قانونی و غیر انسانی حملے کی شدید مذمت

16 Apr 2018 گھنٹہ 15:31

مقررین کا کہنا تھا کہ عراق، افغانستان اور دیگر ممالک میں اپنے ناپاک عزائم کو حاصل کرنے میں ناکامی و شکست کے بعد امریکہ اب شام میں دوبارہ تاریخ دہرانا چاہتا ہے


پاکستان کے شہر کراچی میں شام پر امریکی اور اسکے اتحادیوں کی جارحیت کے خلاف بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں شام پر امریکی اور اسکے اتحادیوں کی جارحیت کے خلاف بھرپور مظاہرہ کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی جانب سے شام پر ناجائز اور غیر قانونی و غیر انسانی حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں، ان حملوں کے خلاف نہ صرف پاکستان بلکہ تمام مسلم ممالک کو جارح ممالک سے بھرپور احتجاج کرتے ہوئے تعلقات منقطع کر دینا چاہیئے، شام پر حملہ کے بعد 39 ملکی مسلم فوجی اتحاد پر فرض بنتا ہے کہ ان ممالک کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، شام پر حملہ خطے میں نئی جنگ کا سبب بنے گا۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے آئی ایس او کی جانب سے کراچی پریس کلب پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ عراق، افغانستان اور دیگر ممالک میں اپنے ناپاک عزائم کو حاصل کرنے میں ناکامی و شکست کے بعد امریکہ اب شام میں دوبارہ تاریخ دہرانا چاہتا ہے، لیکن بدقسمتی سے اسے وہاں بھی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ، فرانس اور برطانیہ صرف اسرائیل کو بچانے کی خاطر اپنی طاقت کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے معصوم انسانوں کا خون بہانے میں مصروف ہیں، لیکن وہ دن دور نہیں کہ جب یہی خون امریکہ اور اس کے ساتھیوں کو لے ڈوبے گا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے شام پر میزائل حملوں کے خلاف اقوام متحدہ کی خاموشی سوالیہ نشان ہے، دنیا میں امن اور انسانی حقوق کا راگ الاپنے والے ممالک بھی اس جرم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ مشرق وسطٰی کی کشیدہ صورتحال اور اس میں روز بروز بگاڑ کا سبب امریکہ اور اسرائیل ہیں، جن کا مقصد صرف مسلمانوں کے درمیان تفرقہ پیدا کرکے انہیں ٹُکڑے ٹُکڑے کرنا ہے، لیکن ہم انہیں اس مقصد میں کامیاب نہیں ہونے دیں اور ان مظالم کے خلاف ہر سطح پر احتجاج کیا جائے گا۔ اس موقع پر مظاہرین نے امریکہ مخالف نعرے بازی کی اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے۔
 


خبر کا کوڈ: 324942

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/324942/شام-پر-امریکی-حملے-کے-خلاف-کراچی-میں-مظاہرہ

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com