تاریخ شائع کریں2017 20 November گھنٹہ 12:15
خبر کا کوڈ : 294446
تفصیلی خبر

رہبر انقلاب اسلامی زلزلے سے متاثرہ علاقے کے دورے پر تشریف لے گئے

آپ کے غم کی وجہ سے ہمارے دل بھی غم سے لبریز اور ہماری فکریں بھی مشغول ہوگئی ہیں
رہبر انقلاب اسلامی نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ میں چاہتا تھا کہ آپ جیسے باوفا اور مہربان افراد کے شہر میں ایسے وقت آئوں کہ جب دل شاد ہوں اور زندگی آرام سے بسر کی جا رہی ہو نہ کہ ایسے موقع پر جب آپ غم و اندوہ اور شدید مصیبت میں گرفتار ہوں
رہبر انقلاب اسلامی زلزلے سے متاثرہ علاقے کے دورے پر تشریف لے گئے
رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای آج زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر کرمانشاہ تشریف لے گئے ہیں۔

تقریب خبر رساں ایجنسی کے مطابق مقام معظم رہبری کے دفتر کی ویب سائیٹ نے اطلاع دی ہے کہ رہبر انقلاب اسلامی نے اپنے اس دورے کا آغاز سر پل ذھاب شہر سے کیا اور زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا مشاہدہ کیا۔

آپ نے اس کے بعد سر پل ذھاب کے زلزلہ متاثرین سے ملاقات کی اور اس مصیبت زدہ شہر کے باسیوں سے گفتگو کی۔

رہبر انقلاب اسلامی نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے فرمایا کہ میں چاہتا تھا کہ آپ جیسے باوفا اور مہربان افراد کے شہر میں ایسے وقت آئوں کہ جب دل شاد ہوں اور زندگی آرام سے بسر کی جا رہی ہو نہ کہ ایسے موقع پر جب آپ غم و اندوہ اور شدید مصیبت میں گرفتار ہوں۔

رہبر انقلاب اسلامی نے شہروں اور دیہاتوں کے مصیبت زدہ اور غم و رنج میں مبتلا عوام سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے فرمایا کہ آپ کے غم کی وجہ سے ہمارے دل بھی غم سے لبریز اور ہماری فکریں بھی مشغول ہوگئی ہیں۔

آپ نے مقدس دفاع کے دوران کرمانشاہ کے عوام کی استقامت، ایثار اور مقاومت کا تذکرہ کرتے ہوئے فرمایا کہ یہ پہلی بار نہیں کہ آپ جیسے صابر اور مہربان افراد اور آُپ کے اطراف میں موجود علاقے اس طرح کی مصیبتوں کا شکار ہوئے ہیں بلکہ آپ نے مسلط شدہ جنگ کے ایام میں بھی مسائل اور مشکلات کے سامنے استقامت، مردانگی، استواری اور جوانمردی کا مظاہرہ کیا تھا اور آج بھی کر رہے ہیں۔

حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے مزید فرمایا بزرگ اور دلاور افراد حادثات کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑے ہوتے ہیں اور ان حادثات کو اپنے ارادوں کی بنا پر مغلوب کر لیتے ہیں۔ بنا برایں اگرچہ زلزلہ، بڑی بلا اور مصیبت ہے کہ جو اپنی ویرانیوں کے زریعے لوگوں کو دکھی اور مصِبت زدہ کر دیتا ہے لیکن یہی زلزلہ عوام کی استقامت،  تجدید حیات  اورتعمیر و آبادکاری کے لئے انکی جدوجہد کی وجہ سے نعمت میں تبدیل ہوجاتا ہے۔

رہبر انقلاب اسلامی نے اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ مشکلات کے مقابلے میں استقامت اور ملت کی عظیم توانائیوں کو بروئے کار لا کر طبیعی اور مسلط کردی بلائوں اور حادثات کے مقابلے میں ڈٹ کر کھڑا ہوا جا سکتا ہے فرمایا کہ اس سانحے نے ملت ایران کو متحرک کر دیا ہے اور ملک کے تمام نقاط میں بسنے والے عوام نے اس احساس کے ساتھ کے انکے دل کرمانشاہ میں ہیں، کرمانشاہ کی جانب دوڑنا شروع کردیا ہے اور اپنی توانئی اور اسطاعت کے مطابق امداد رسانی کے اپنے وظیفے پر عمل کر رہے ہیں۔

آپ نے مزید فرمایا کہ حکام خاص طور شہروں میں موجود افواج اور دیہاتوں میں سپاہ کی موجودگی اور عوام کی مدد سے مختلف شعبوں کے حکام نے اس سانحے میں اپنے آپ کو ثابت کر دکھایا ہے اور اپنی محنت اور کوششوں کی وجہ سے وہ اس حادثے کے فورا بعد تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے تلے دبے ہوئے افراد کی مدد کو پہنچے لیکن میں یہاں تک انجام دیئے جانے والے کام پر قانع نہیں ہوں بنا برایں مختلف شعبوں کے حکام کو چاہئے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی کوششوں اور جدوجہد کو دوگنا کریں۔

حضرت آیت اللہ خامنہ ای نے اس علاقے کی تعمیر اور بہتر مستقبل کے لئے عوام کو جدوجہد کی دعوت دی اور فرمایا کہ اپنی چشم امید کو افرادی قوت، محنت اور اپنی توانائیوں کے زریعے مزید قوی کریں اور خدا داد غیرت پر تکیہ کرتے ہوئے اپنے زندگی کو شاد و آباد اور با طراوت بنائیں۔

واضح رہے کہ سر پل ذھاب کے علاقے میں آنے والے زلزلے سے متاثرہ علاقوں کے دورے پر مشتمل رہبر انقلاب اسلامی کا سفر جاری ہے۔
https://taghribnews.com/vdci55arqt1a352.s7ct.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ