تاریخ شائع کریں2017 2 November گھنٹہ 13:14
خبر کا کوڈ : 291499

اسامہ بن لادن کی دستاویزات جاری/ بیٹے کی شادی کی ویڈیو، ذاتی ڈائری شامل

سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پومیپو کا کہنا تھا کہ القاعدہ رہنما سے منسوب دستاویزات کی مدد سے امریکی عوام کو ایبٹ آباد آپریشن کے ساتھ القاعدہ کی کارروائیوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہوں گی
اسامہ بن لادن کی دستاویزات جاری/ بیٹے کی شادی کی ویڈیو، ذاتی ڈائری شامل
امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کی جانب سے پاکستان میں القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ پر کیے گئے آپریشن کے دوران قبضے میں لی گئی دستاویزات کا بڑا حصہ جاری کردیا گیا۔

سی آئی اے نے اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ سے حاصل کی گئی دستاویزات میں سے 4 لاکھ 70 ہزار دستاویزات کو آن لائن کردیا۔

مذکورہ دستاویزات سے واقف واشنگٹن تھنک ٹینک کے محققین کا کہنا تھا کہ ان دستاویزات میں اسامہ بن لادن کے بیٹے کی شادی کی ویڈیو اور القاعدہ کے سابق سربراہ کی ذاتی ڈائری بھی شامل ہے۔

سی آئی اے کے ڈائریکٹر مائیک پومیپو کا کہنا تھا کہ القاعدہ رہنما سے منسوب دستاویزات کی مدد سے امریکی عوام کو ایبٹ آباد آپریشن کے ساتھ القاعدہ کی کارروائیوں کے بارے میں بھی معلومات حاصل ہوں گی۔

فاؤنڈیشن فور ڈیفنس آف ڈیموکریسیز کے اسکالر تھامس جوسلین اور بل روگیو کے مطابق یہ دستاویزات القاعدہ کے بارے میں مزید جاننے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔

ان دونوں اسکالر کو دستاویزات منظر عام پر لانے سے قبل پڑھنے کی اجازت دی گئی تھی۔

بل روگیو کا کہنا تھا کہ ان دستاویزات سے القاعدہ کے رہنماؤں کے بارے میں معلومات کے حوالے سے موجود خلاء کو پورا کیا جاسکے گا۔

حمزہ بن لادن کی شادی کی ویڈیو جاری کرنے کا مقصد دنیا کو اسامہ بن لادن کے چہیتے بیٹے کی جوانی کی تصویر دکھانا تھا جسے ممکنہ طور پر ایران میں ریکارڈ کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ امریکی نیوی سیل 6 کے کمانڈوز نے یکم اور 2 مئی 2011 کی درمیانی شب پاکستان کے علاقے ایبٹ آباد کے ایک کمپاؤنڈ میں کارروائی کی تھی جس کے حوالے سے انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اس کارروائی کے دوران دنیا کے انتہائی مطلوب دہشت گرد اور القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کو ہلاک کر دیا گیا۔

امریکی دعوؤں کے مطابق کمانڈوز کارروائی کے بعد اسامہ بن لادن کی لاش اپنے ہمراہ لے گئے جبکہ واپس جاتے ہوئے فوجیوں نے اپنا ایک ہیلی کاپٹر بھی تباہ کردیا تھا۔
https://taghribnews.com/vdcdnf0xnyt0no6.432y.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ