QR codeQR code

امریکی دھمکیوں کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

25 اگست کو بعد از نماز جمعہ ملک کے مختلف شہروں میں’’امریکہ مردہ باد‘‘ ریلیاں نکالی جائیں گی

24 Aug 2017 گھنٹہ 12:05

پاکستان کو شام یا عراق نہیں بننے دیا جائے۔ پاکستان کو امریکی بلاک سے نکل جانا چاہیے۔ امریکہ کے ساتھ تعلقات میں ہمارا ہاتھ سوائے لاشوں کے اور کچھ نہیں آیا


مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستان پر حملوں کی دھمکی کی مذمت کرتے ہوئے جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔ 25 اگست کو بعد از نماز جمعہ ملک کے مختلف شہروں میں’’امریکہ مردہ باد‘‘ ریلیاں نکالی جائیں گی۔ پاکستان کے عوام امریکہ کی پاکستان اور اسلام دشمنی کے خلاف نفرت کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج میں شریک ہوں۔ انہوں نے کہا پاکستان کی سالمیت و بقاء کو نئے خطرات درپیش ہیں۔ خطے میں داعش کو لانے کی امریکی چال کی راہ میں ہم رکاوٹ بنیں گے۔ پاکستان کو شام یا عراق نہیں بننے دیا جائے۔ پاکستان کو امریکی بلاک سے نکل جانا چاہیے۔ امریکہ کے ساتھ تعلقات میں ہمارا ہاتھ سوائے لاشوں کے اور کچھ نہیں آیا۔ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کی عالمی برادری نے ہر پلیٹ فارم پر تعریف کی ہے جبکہ امریکہ نے ہمیشہ ڈومور کا مطالبہ کیا۔

ایم ڈبلیو ایم کے سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ڈومور کے مطالبے کا جارحانہ انداز قومی وقار پر حملہ ہے جس کا جواب اسی انداز سے دیا جانا چاہیے۔ پاکستان امریکہ یا کسی دوسرے ملک کی کالونی نہیں۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان پاکستان نے اٹھایا ہے۔ پاک فوج اور بےگناہ شہریوں کی کم و بیش ایک لاکھ لاشوں کو ہم کندھا دے چکے ہیں۔ دہشت گردی کے عفریت نے پاکستان کی معشیت کو کھوکھلا کر کے رکھ دیا ہے۔ وطن عزیز کو غیرمستحکم کرنے والے مذموم عناصر کی پشت پناہی امریکہ اور اس کے حواری کر رہے ہیں۔ امریکہ کا مکار صدر افغانستان میں لگی ہوئی آگ پاکستان منتقل کرنے پر تُلا ہوا ہے۔ ہمیں مصلحت پسندی کا شکار بننے کی بجائے دو ٹوک موقف اختیار کرنا ہو گا۔ امریکہ پاکستان کا خیرخواہ نہیں بلکہ اپنے مفادات کا یار ہے۔ امریکہ کا وجود اس خطے کے لیے خطرہ ہے۔ اس سے چھٹکارا حاصل کرنا کا یہ بہترین وقت ہے۔ 

سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ پاکستان کا آج کا جرات مندانہ فیصلہ ہماری آنے والی نسلوں پر بہت بڑا احسان ہوگا۔ دنیا میں طاقت کا توازن تبدیل ہو رہا ہے۔ دنیا نئی تشکیل کے مراحل میں داخل ہو رہی ہے۔ امریکہ سے تعلقات محدود کر کے ہمیں چین سمیت خطے کے دوسرے ممالک کی طرف جھکاؤ کو بڑھانا ہو گا۔ چین اپنی مضبوط معیشت کے ساتھ سپر پاور کی منزل کی طرف بڑھ رہا ہے۔ خطے میں چین کا سب سے بڑا حریف بھارت ہے۔ امریکہ اور بھارت شاطرانہ چالیں چل رہے ہیں، پاکستان کو بھی حکیمانہ اور بابصیرت فیصلے کرنے ہوں گے۔ بھارت اور امریکہ کے مابین اربوں ڈالر کی تجارت کا ذکر اور بھارت کی تعریف کر کے پاکستان کو نیچا دکھانے کی کوشش کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو امریکہ کے حوالے سے اپنی خارجہ پالیسیوں میں یوٹرن ہی امریکی صدر کی دھمکی بہترین جواب ہے۔ اگر ایسا نہ کیا گیا تو امریکہ اور بھارت وطن عزیز کے لیے سنگین خطرہ بن جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 280880

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/280880/امریکی-دھمکیوں-کے-خلاف-ملک-گیر-احتجاج-کا-اعلان

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com