تاریخ شائع کریں2017 14 August گھنٹہ 14:06
خبر کا کوڈ : 279430

کراچی: طالبان کی مالی معاونت کرنے پر مدرسہ الکریم اسلامک اکیڈمی سیل کردیا گیا

مدرسے کے مہتمم کا نام فورتھ شیڈول میں شامل ہونے کے باوجود ان کی غیر موجودگی پر پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر کی مدد سے مدرسے کو سیل کردیا
پولیس کو شبہ ہے کہ مفتی شاکر اللہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی مالی معاونت کررہے تھے جس کے باعث انہیں فورتھ شیڈول میں رکھا گیا تھا
کراچی: طالبان کی مالی معاونت کرنے پر مدرسہ الکریم اسلامک اکیڈمی سیل کردیا گیا
کراچی میں طالبان کی مالی معاونت کرنے والے مفتی شاکر اللہ کا مدرسہ سیل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سائٹ میں قائم ایک مدرسے کے مہتمم کا نام فورتھ شیڈول میں شامل ہونے کے باوجود ان کی غیر موجودگی پر پولیس نے اسسٹنٹ کمشنر کی مدد سے مدرسے کو سیل کردیا۔

اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) کراچی غربی کی جانب سے رابطے کے بعد سائٹ پولیس اسٹیشن کے ہاؤس افسر (ایس ایچ او) نے اے سی غربی ڈاکٹر غلام محمد اور پولیس موبائل کے ساتھ مدرسے کا دورہ کیا۔

پولیس سے موصول ہونے والی دستاویزات کے مطابق سائٹ کے علاقے میں قائم مدرسہ الکریم اسلامک اکیڈمی کو سیل کردیا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ اے سی غربی نے مدرسے کے مہتمم مفتی شاکر اللہ کی موجودگی کی اطلاع دی تھی لیکن وہ وہاں موجود نہیں تھے۔

پولیس کو شبہ ہے کہ مفتی شاکر اللہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی مالی معاونت کررہے تھے جس کے باعث انہیں فورتھ شیڈول میں رکھا گیا تھا۔

انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے سیکشن 11 ای ای کے مطابق فورتھ شیڈول میں ہر اس شخص کو رکھا جائے گا، جو کسی بھی دہشت گرد تنظیم یا فرقہ پرست تنظیم یا اس سے منسلک کسی تنظیم کا کارکن، عہدیدار یا ان سے منسلک ہو۔

فورتھ شیڈول میں شامل شخص کے لئے ضروری ہے کہ وہ اپنی موجودگی سے مقامی پولیس کو آگاہ کرے جبکہ اس شخص پر کڑی نظر رکھی جاتی ہے۔

پولیس سے حاصل ہونے والی دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ ذرائع کی رپورٹ کے مطابق مفتی شاکر اللہ ٹی ٹی پی کو فنڈنگ کر رہا تھا اور ان کا نام فورتھ شیڈول میں شامل ہے جبکہ وہ موجود بھی نہیں ہیں، جس کے بعد اے سی غربی کی جانب سے پولیس کے تعاون سے مدرسے کو بند کردیا گیا۔

یاد رہے کہ سندھ پولیس نے امن و امان کی صورت حال کو بہتر رکھنے کی غرض سے گزشتہ ماہ فورتھ شیڈول میں شامل فہرست کا ہر ماہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
https://taghribnews.com/vdcexo8w7jh8fei.dqbj.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ