تاریخ شائع کریں2017 8 August گھنٹہ 10:55
خبر کا کوڈ : 278573

لاہور میں پھلوں سے لدے ٹرک میں خوفناک دھماکہ/ 46 افراد زخمی ہوگئے

دھماکا خیز مواد ٹرک میں رکھا گیا تھا جو اچانک پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پارکنگ میں کھڑی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا
پولیس انتظامیہ کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خوبانی کی پیٹیوں سے بھرے ٹرک کو سوات سے لاہور لایا گیا تھا جبکہ یہ ٹرک گذشتہ تین دن سے پارکنگ میں موجود تھا
لاہور میں پھلوں سے لدے ٹرک میں خوفناک دھماکہ/ 46 افراد زخمی ہوگئے
لاہور کے آؤٹ فال روڈ پر زوردار دھماکے کے نتیجے میں 46 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی انسپیکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز ڈاکٹرحیدر اشرف نے فروٹ سے بھرے ٹرک میں دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹرک اسلام پورہ کے آؤٹ فال روڑ کی ایک پارکنگ میں کھڑا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ دھماکا خیز مواد ٹرک میں رکھا گیا تھا جو اچانک پھٹ گیا جس کے نتیجے میں پارکنگ میں کھڑی کئی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

ریسکیو 1122 حکام کے مطابق دھماکے سے ٹرک مکمل طور پر تباہ ہوگیا جبکہ دھماکے کی شدت سے جائے وقوعہ پر 10 سے 15 فٹ گہرا گڑھا بن گیا۔

عینی شاہدین کے مطابق، دھماکا شدید نوعیت کا تھا جس سے اسٹینڈ میں کھڑی کاروں، منی ٹرکس، اور موٹر سائیکلوں سمیت 100 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے 46 افراد کو سروسز اور میاں منشی ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے 12 زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرکے ڈسچارج کردیا گیا۔

دھماکے کے 4 زخمیوں کو میو ہسپتال منتقل کیا گیا جن کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

آؤٹ فال روڈ پر کھڑے ٹرک پر زوردار دھماکے کے نتیجے میں قریبی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ اسکول کی عمارت کی چھت بھی گر گئی۔

دھماکے باعث علاقے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور علاقہ اندھیرے میں ڈوب گیا جس کے باعث امدادی کارروائی کے لیے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

پولیس انتظامیہ کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ خوبانی کی پیٹیوں سے بھرے ٹرک کو سوات سے لاہور لایا گیا تھا جبکہ یہ ٹرک گذشتہ تین دن سے پارکنگ میں موجود تھا۔

حکام کے مطابق ٹرک میں بڑی مقدار میں دھماکا خیز مواد موجود تھا جس کا وزن معلوم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر (سی سی پی او) سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

چند حکام کی جانب سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ بارودی مواد سے بھرے اس ٹرک کے ذریعے گذشتہ دنوں برطرف ہونے والے وزیراعظم نواز شریف کے قافلے کو نشانہ بنایا جانا تھا جو اپنے پرانے شیڈول کے تحت اتوار کے روز اسلام آباد سے لاہور آنے والے تھے۔

لارڈ میئر مبشر جاوید نے صحافیوں کو بتایا کہ آؤٹ فال روڈ دھماکے کی ہر زاویے سے تحقیقات کی جائیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اتوار کی ریلی کے پلان کے مطابق جائے دھماکا نواز شریف کے روٹ میں آتی ہے۔



 
https://taghribnews.com/vdcbzwb5frhbzsp.kvur.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ