تاریخ شائع کریں2013 28 August گھنٹہ 12:45
خبر کا کوڈ : 139235
ایران کے ممتاز اہلسنت عالم دین مولوی عبدالحمید:

مصر کی صورتحال دشمنان اسلام کی سازشوں کے تئیں مسلمانوں کی غفلت کا شاخسانہ

تنا (TNA) برصغیر بیورو
ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کےدارالحکومت زاہدان کے اہل سنت امام جمعہ مولوی عبدالحمید اسماعیل زہی کا کہنا ہے کہ مصر کے آج کے حالات دشمنان اسلام کی سازشوں کے تئیں مسلمانوں کی غفلت کا نتیجہ ہیں۔
مصر کی صورتحال دشمنان اسلام کی سازشوں کے تئیں مسلمانوں کی غفلت کا شاخسانہ

تقریب نیوز (تنا): صوبائی صدرمقام زاہدان کے اہل سنت امام جمعہ مولوی عبدالحمید اسماعیل زہی نے تقریب نیوز ایجنسی کے نامہ نگار کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو کے دوران مصر کی فوج کے ہاتھوں اس ملک کے مسلمانوں کے قتل عام کی مذمت کی اور کہا: مصر کے بے گناہ اور نہتے عوام کے امریکہ اور اسرائیل سے وابستہ فوج کے ہاتھوں ہونے والے قتل عام نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے دل چھلنی کر دیے ہیں۔

زاہدان کے اہل سنت دارالعلوم کے مدیر کا کہنا تھا: میں امت مسلمہ کو اس عظیم مصیبت کی تعزیت پیش کرتا ہوں اور مجھے یقین ہے کہ ملت مصر اور دیگر اسلامی ممالک کے شہداء کا پاک لہو عالمی استکبار اور ان کے ضمیر فروش حامیوں کو ضرور ان کے کیفر کردار تک پہونچائے گا۔

آپ نے مزید کہا: اس وقت جو کچھ مصر اور خطہ کے دیگر اسلامی ممالک میں ہو رہا ہے وہ شیطان اکبر امریکہ اور بین الاقوامی صہیونزم کی سازشوں سے مسلم اقوام کی غفلت کا نتیجہ ہے۔

زاہدان کے سنی امام جمعہ نے وضاحت کی: مصر جیسے عظیم تمدن کے مالک ملک میں اسلام پسندوں سے وابستہ پارٹی کے بر سر اقتدار آنے سےامت مسلمہ کے بہت سے ہمدردوں کی امیدیں جاگ گئی تھیں۔ اس لئے کہ توقع کی جارہی تھی کہ شریعت مقدسہ اور پاک سنت نبویہ کی بنیاد پر اسلامی حکومت کے قیام سے شریعت اور جمہوری اصولوں پر مبنی اسلامی حکمرانی کا ایک اچھا نمونہ دنیا کے سامنے پیش ہوگا۔

مولوی عبد الحمید نے آگے چل کر کہا:دنیا کے مستکبرین اور ان کے سرغنہ ظالم امریکہ نے جو کہ اسلامی حکومتیں برداشت کرنے کی تاب نہیں رکھتے فی الفور اس حکومت کو کمزور کرنے کے لئے سازشوں کاجال بچھانا شروع کر دیا۔ یہاں تک خطہ کے بعض ممالک کے تعاون سے اسلام پسندوں کی جائز حکومت کے خلاف کودتا کے لئے زمین ہموار کردی اور مصری فوج نے غیر جمہوری طرز سے عوام کی مرضی کے برخلاف زمام اقتدار اپنے ہاتھ میں لے لی۔

آپ نے مزید کہا: عالمی استکبار نے مسلمانوں کو کمزور کرنے اور دنیا میں ان کی آبرو اور حیثیت پر بٹہ لگانے کی غرض سے اسلام اور مسلمانوں کی زک پہونچانے کی اپنی انتہائی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ایسے میں استکبار اور ان کے حامیوں کی سازشوں اور مظالم کی مذمت ایک انتہائی چھوٹا کام ہےجو مسلمان عوام خصوصاً عالم اسلام کے درد مند علماء کر سکتے ہیں۔

زاہدان کے اہل سنت دارالعلوم کے مدیر کا مزید کہنا تھا: مسلمانوں کا قتل عام محض دنیا کے سامنے اسلام کو تشدد آمیز شکل میں پیش کرنے کی دشمنوں کی خواہش کی تکمیل ہے۔جبکہ اسلام رحمت، بھائی چارہ اور مہربانی کا دین ہے۔ اسلام کی نظر میں جملہ انسان بلاتفریق دین و مذہب اور رنگ و نسل اپنے حقوق رکھتے اور محترم ہیں۔

مولوی عبد الحمید نے زور دے کر کہا:عالم اسلام کی مشکلات کا حل قتل و خونریزی اور تصادم اور ٹکراؤ میں نہیں بلکہ عوام کی آواز سننے اور ہر ملک کی سیاسی پارٹیوں کے، آپسی تعاون اور گفتگو کے ذریعہ جملہ اختلافات اور تضادات دور کرنے میں مضمر ہے۔ 

زاہدان کے سنی امام جمعہ نے یہ پیشین گوئی کرتے ہوئے کہ اسلامی بیداری پوری دنیا پھیلے گی مزید کہا: اسلامی بیداری ختم ہونے والی نہیں ہے۔ انشا ء اللہ مصر کے بیدار مسلمانوں کا قتل عام دنیا کے حالات کا رخ بدل دے گا اور مظلوموں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے مجرموں کے چہروں سے نقاب الٹ جائے گی۔ نتیجہ میں اغیارسے وابستہ غیرملکی آقاؤں کے اشاروں پر ناچنے والی مصری فوج ذلیل و رسوا ہو کر رہے گی۔

https://taghribnews.com/vdcc1oqsp2bq1i8.c7a2.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ