QR codeQR code

ایران کے خلاف امریکی اقدامات اس کی شکست کی علامت ہیں

نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے کہا

6 Nov 2018 گھنٹہ 18:59

اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے اور ایران کے سلسلے میں امریکی اقدامات اور رویّہ واشنگٹن کے زوال کی علامت ہے


اسلامی جمہوریہ ایران کے نائب وزیر خارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے اور ایران کے سلسلے میں امریکی اقدامات اور رویّہ واشنگٹن کے زوال کی علامت ہے- اس درمیان ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکی پابندیوں کا مقابلہ کرنے کے لئے ایران کے مرکزی بینک نے پہلے سے پلاننگ کر لی تھی اور یہ منصوبہ بندی ایسی ہے کہ ان پابندیوں سے بھی بڑھ کر اگر حالات سامنے آتے ہیں تو بھی ہم ہر طرح کی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔

ایران کے نائب وزیرخارجہ اور سینیئر ایٹمی مذاکرات کار سید عباس عراقچی نے ایران کے سرکاری ٹیلی ویژن چینل سے اپنی گفتگو میں کہا کہ امریکا نے ایران کے خلاف پابندیوں کے سلسلے میں دیگر ملکوں کو بھی اپنے ساتھ ملانے کی کوشش کی لیکن اسرائیل اور سعودی عرب کو چھوڑ کر کوئی بھی ملک امریکا کا ساتھ دینے کے لئے تیار نہیں ہوا-

انہوں نے ایران کے ساتھ یورپی یونین کے مالی ٹرانزیکشن کے سسٹم ایس پی وی  کے قیام کے لئے کی جا رہی کوششوں میں پیشرفت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس خصوصی مالیاتی نظام کا قیام اپنے آخری مراحل میں ہے-

ایران کے نائب وزیرخارجہ نے کہا کہ ایران مخالف امریکی پابندیوں کے مقابلے میں یورپی ملکوں کی استقامت اور ایران کے ساتھ مالی معاملات کی انجام دہی کے لئے ایک سسٹم قائم کرنے کی یورپی یونین کی کوشش سے اس بات کا  پتہ چلتا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ اپنے مقصد کے حصول میں ناکام ہو گئے ہیں-

اس درمیان ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ عبدالناصر ہمتی نے ایران کے مرکزی بینک اور دیگر ایرانی بینکوں کے خلاف امریکا کی نئی پابندیوں اور ایران کا رابطہ سوئیفٹ سسٹم سے کاٹ دیئے جانے کے ردعمل  میں کہا ہے کہ جن ملکوں کے ساتھ  ہمارے تجارتی معاملات انجام پاتے ہیں ان سے مذاکرات ہو چکے ہیں اور ان کے ساتھ کس طرح سے تجارت ہو گی اس پر بھی اتفاق رائے ہو چکا ہے-

ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر اور ان کے استعمال کے بارے میں ضروری اقدامات کر لئے گئے ہیں اور ایران کے زرمبادلہ کے ذخائر کی سطح کو مطلوبہ سطح تک پہنچا دیا گیا ہے-

انہوں نے کہا کہ ایران کے مرکزی بینک نے سوئیفٹ سے رابطہ منقطع ہو جانے کے پیش نظر دیگر ملکوں کے ساتھ بینکنگ کے شعبوں میں تعاون کے لئے متبادل راستے تلاش کر لئے ہیں-

دوسری جانب اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب نے اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل کو ایک خط ارسال کر کے ایرانی عوام کے خلاف امریکا کی خودسرانہ اور غیر قانونی پابندیوں کے نفاذ کی مذمت کرنے کا مطالبہ کیا-

ایرانی مندوب غلام علی خوشرو نے سیکریٹری جنرل گوترش کے نام اپنے مراسلے میں امریکی اقدامات کو بین الاقوامی قوانین کے منافی قرار دیا اور کہا کہ یہ پابندیاں اقوام متحدہ کے منشور میں درج عالمی اصولوں سے تضاد رکھتی ہیں اور دیگر ملکوں کی آزادانہ تجارت کے معاملات میں کھلی مداخلت ہیں-

ایرانی مندوب نے امریکی پابندیوں کو ہیگ کی عالمی عدالت کے فیصلے کے بھی منافی بتایا اور کہا کہ امریکا نے نہ صرف سلامتی کونسل کی قرارداد بائیس اکتیس کی خلاف ورزی کی بلکہ وہ انتہائی بے شرمی کا مظاہرہ کر کے دیگر ملکوں پر بھی دباؤ ڈال رہا ہے کہ وہ بھی سلامتی کونسل کی قرارداد کی خلاف ورزی کریں-

انہوں نے عالمی برادری سے مطلبہ کیا کہ وہ امریکا کے غیر قانونی اور انسانیت سوز اقدامات کا بھرپور جواب دے اور قانونی حکمرانی کو یقینی بنائے-


خبر کا کوڈ: 375239

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/375239/ایران-کے-خلاف-امریکی-اقدامات-اس-کی-شکست-علامت-ہیں

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com