QR codeQR code

سعودی صحافی اپنے ہی قونصل خانے میں قتل

ترکی میں لاپتہ ہونے والے سعودی صحافی کو سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیاہے

7 Oct 2018 گھنٹہ 16:14

ترکی میں لاپتہ ہونے والے معروف سعودی صحافی جمال خاشقجی کی لاش استنبول کے ایک علاقے سے ملی ہے


ترکی میں لاپتہ ہونے والے سعودی صحافی کو سعودی قونصل خانے میں قتل کر دیا گیاہے۔

الجزیرہ ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق ترکی میں لاپتہ ہونے والے معروف سعودی صحافی جمال خاشقجی کی لاش استنبول کے ایک علاقے سے ملی ہے۔ اس سے قبل رائٹر نے بعض ترک حکام کے حوالے سے خبر دی تھی کہ سعودی عرب پر تنقید کرنے والے مشہور صحافی جمال خاشقجی کو ایک منصوبے کے تحت  استنبول میں سعوی عرب کے قونصل خانے کے اندر قتل کردیا گیا۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ترکی کے سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کا اپنی ابتدائی تفتیش کے نتائج میں ماننا ہے کہ ایک خاص ٹیم کو استنبول بھیج کر صحافی کو قتل کیا گیا اور وہ اسی دن واپس بھی چلے گئے۔

جمال خاشقجی کی منگیتر کے مطابق وہ استنبول میں قائم سعودی سفارتخانے میں داخل ہوئے تھے اور اس کے بعد سے انہیں کسی نے نہیں دیکھا اور نہ ہی ان سے متعلق کوئی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دستاویزات کے سلسلے میں سعودی سفارت خانے گئے تھے لیکن مجھے جمال کے ہمراہ اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی اور ان کا موبائل بھی باہر ہی رکھوا لیا گیا تھا۔

دوسری جانب ترکی کے شہر استنبول میں سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے صحافی کی گمشدگی پر ان کے حامیوں نے سعودی سفارتخانے کے باہر احتجاج کیا۔

واضح رہے کہ رواں ہفتے منگل 2 اکتوبر کومشہور و معروف سعودی صحافی جمال خاشقجی سعودی سفارتخانے کے کمپاؤنڈ سے غائب ہوگئے تھے۔

خیال رہے کہ معروف سعودی صحافی جمال خاشقجی سعودی عرب میں انسانی حقوق کے حوالے سے آل سعود پر کڑی نکتہ چینی کرتے رہے۔ رواں سال مارچ کے مہینے میں انہوں نے الجزیرہ سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ سعودی عرب میں شہریوں کو حکومت پر تنقید کرنے یا حکومتی پالیسیوں پر سوالات اٹھانے کی اجازت نہیں۔

سعودی صحافی جمال خاشقجی ستمبر 2017 سے سعودی عرب سے جان کے خطرے کی وجہ سے چلے گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 365812

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/365812/سعودی-صحافی-اپنے-ہی-قونصل-خانے-میں-قتل

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com