تاریخ شائع کریں2018 20 June گھنٹہ 18:35
خبر کا کوڈ : 338138

طالبان کے حملوں میں 9 پولیس اہلکار جاں بحق

افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں طالبان کے حملوں میں 9 پولیس اہلکار جاں بحق
طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملوں کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ ان حملوں میں 19 افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کیا گیا ہے
طالبان کے حملوں میں 9 پولیس اہلکار جاں بحق
افغانستان کے شمالی صوبے قندوز میں طالبان کے حملوں میں 9 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی حکومت کے ذرائع نے 2 پولیس اہلکاروں کے لاپتہ ہونے کا بھی بتایا ہے، یہ حملے طالبان کی جانب سے عیدالفطر کے موقع پر کی گئی سہ روزہ جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد کیے گئے ہیں، قندوز صوبے کے ضلع دشت آرچی میں کیے جانے والے حملوں کا نشانہ 2 پولیس چیک پوسٹیں تھیں۔

ان حملوں میں 7 سے زائد پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے، طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے حملوں کی ذمے داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ ان حملوں میں 19 افغان سیکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کیا گیا ہے، دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ اگر طالبان رضا مند ہوں تو امریکا مذاکرات کیلیے تیار ہے، امریکی اور بین الاقوامی فورسز کے کردار پر بات چیت کی جا سکتی ہے۔

امریکا مذاکرات کی حمایت، شمولیت اور اس میں تعاون کیلیے تیار ہے، غیر ملکی ذرائع کے مطابق امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ اگر طالبان امن مذاکرات کا حصہ بنے تو ٹرمپ انتظامیہ طالبان کے ساتھ افغانستان میں امریکی اور بین الاقوامی فورسز کے کردار پر بات کر سکتی ہے، واضح رہے کہ افغان حکومت کی جانب سے رمضان المبارک کے آخری عشرے میں جنگ بندی کا فیصلہ سامنے آیا تھا جس کے بعد طالبان نے بھی آمادگی کا اظہار کیا تھا۔

عیدالفطر کے موقع پر طالبان اور افغان فوسرز کی بغل گیر ہونے کی تصویریں منظر عام پر آنے کے بعد افغان حکومت نے جنگ بندی میں مزید 10دن کی توسیع کردی تھی جسے طالبان نے مسترد کردیا تھا، مائیک پومپیو نے کہا کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی نے اپنے بیان میں افغان شہریوں اور امن مذاکرات کی ضرورت میں عالمی فورسز کے کردار پر زور دیا، انھوں نے کہا کہ امریکا مذاکرات کی حمایت، شمولیت اور اس میں تعاون کیلیے تیار ہے، خیال رہے کہ طالبان کا ہمیشہ سے یہ مطالبہ رہا ہے کہ افغانستان سے امریکا اور اس کے اتحادی ممالک کی فورسز کے انخلا کے بغیر امن مذاکرات کی گنجائش موجود نہیں ہے۔
https://taghribnews.com/vdcfmcdmcw6dmya.k-iw.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ