تاریخ شائع کریں2018 24 May گھنٹہ 15:24
خبر کا کوڈ : 332889

فاٹا کو صوبہ خیبرپختونخوا کا باقاعدہ حصہ بنادیا گیا

صدر مملکت کے دستخط کے بعد بل آئین کا حصہ بن جائے گا
بل کے مطابق آئندہ پانچ سال تک فاٹا میں قومی اسمبلی کی 12 اور سینیٹ میں 8 نشستیں برقرار رہیں گی، آئندہ برس فاٹا کے لیے مختص صوبائی نشستوں پر انتخابات ہوں گے
فاٹا کو صوبہ خیبرپختونخوا کا باقاعدہ حصہ بنادیا گیا
پاکستان کی قومی اسمبلی میں فاٹا کی خیبرپختونخوا میں انضمام سے متعلق 31 ویں آئینی ترمیم کا بل منظور کرلیا گیا۔

اسپیکر سردار ایاز صادق کی سربراہی میں قومی اسمبلی کا اجلاس ہوا ، جس میں وفاقی وزیر قانون و انصاف محمود بشیر ورک نے فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام سے متعلق 31 ویں آئینی ترمیم کا بل پیش کیا، بل کے مطابق آئندہ پانچ سال تک فاٹا میں قومی اسمبلی کی 12 اور سینیٹ میں 8 نشستیں برقرار رہیں گی، آئندہ برس فاٹا کے لیے مختص صوبائی نشستوں پر انتخابات ہوں گے۔ فاٹا میں صوبائی قوانین کا فوری اطلاق ہوگا اور منتخب حکومت قوانین پر عمل درآمد کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔ بل میں سپریم کورٹ اور پشاور ہائی کورٹ کا دائرہ کار فاٹا تک بڑھانے اور ایف سی آر کے مکمل خاتمے کا بھی ذکر ہے۔

ارکان اسمبلی کی جانب سے بل پر بحث کے بعد بل کی شق وار منظوری کا عمل شروع ہوا، جے یو آئی (ف) اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے بل کی مخالفت کرتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کردیا۔ شق وار منظوری کے بعد ترمیمی بل کی حتمی منظوری کا عمل شروع ہوا اور ارکان اسمبلی نے فرداً فرداً مسودے پر دستخط کئے۔

آئین کے تحت قومی اسمبلی سے منظوری کے بعد اب یہ بل سینیٹ میں پیش کیاجائے گا، جہاں سے منظوری کے بعد بل کو ایوان صدرمیں بھجوایا جائے گا، صدر مملکت کے دستخط کے بعد بل آئین کا حصہ بن جائے گا۔

فاٹا کے خیبرپختونخوا میں انضمام کے بل کی اہمیت کے پیش نظر تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی کم و بیش 2 سال بعد ایوان میں آئے۔ بل پیش کرنے کے لیے حکومت کو اپنے ہی ارکان کی وجہ سے پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، بل کی منظوری کے لئے آئینی طور پر 228 ارکان جب کہ کابینہ میں شامل نصف وزرا کی حاضری لازمی ہوتی ہے لیکن حکومتی ارکان ہی ایوان سے غائب تھے، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی ذاتی طور پر حکومتی ارکان کو فون کرکے ایوان میں آنے کی تلقین کرتے رہے۔

قومی اسمبلی میں صورت حال اس وقت دلچسپ ہوئی جب قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے ایوان میں حکومتی ارکان اور وزرا کی تعداد کو کم محسوس کیا۔ جس پر وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے خورشید شاہ کو کہا کہ یہ  حکومت یا اپوزیشن کا نہیں سب کا بل ہے، ہمیں ڈیڑھ سوسال کی تاریخ بدلنی ہے، آدھا گھنٹہ اورانتظار کرنے میں کوئی حرج نہیں، ارکان پورے ہوجائیں تو بل پیش کر دیں گے، دوکے سوا باقی تمام وزرا یہاں موجود ہیں۔

خورشید شاہ نے کہا کہ یہ تاریخی بل ہے پوری قوم کی نظریں اس پرہیں، فاٹا کے لوگوں کو وہی حقوق ملیں گے جو باقی پاکستانیوں کو ملےہیں ، ہم توایک گھنٹہ انتظار کرنے کو تیار ہیں، وزراء کھڑے ہو جائیں دیکھیں کیا صرف دو کم ہیں۔

واضح رہے کہ ملک کی بیشتر سیاسی جماعتیں فاٹا کے خیبر پختونخوا میں انضمام کے حق میں ہیں جب کہ حکومت کی اتحادی جماعت جمعیت علماء اسلام (ف) اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی اس ترمیمی بل کی مخالفت کررہے ہیں۔
https://taghribnews.com/vdcc4iq1o2bq148.c7a2.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ