مسلمان بچی کے زیادتی کے بعد قتل پر پورے بھارت میں مظاہرے

بھارت کے مختلف شہروں میں لاکھوں کی تعداد میں شہری اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے کے لئے سڑکوں پر نکل پڑے
ممبئی کے متمول اور فلمی دنیا کا علاقہ کہے جانے والے باندرہ میں بڑی تعداد میں لوگ جن میں خواتین کی اکثریت تھی، احتجاج میں شریک ہوئے اور ان واقعات میں ملوث افراد اور ان کے حامیوں کو سخت سزا دینے کی وکالت کی ہے
تاریخ شائع کریں : سه شنبه ۲۸ فروردين ۱۳۹۷ گھنٹہ ۱۴:۰۷
موضوع نمبر: 325079
 
ہندوستان کے شہر ممبئی سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں لاکھوں کی تعداد میں شہری اپنی ناراضگی کا اظہار کرنے کے لئے سڑکوں پر نکل پڑے ہیں اور انہوں نے زانیوں کو پھانسی دینے اور ان کے حامیوں کو بھی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

بھارتی ریاست مہاراشٹر کانگریس کے صدر اشوک چوان اور ممبئی کانگریس کے صدر سنجے نروپم نے کٹھوعہ اور اناؤ آبروریزی کے خلاف جگہ جگہ موم بتی لیکر احتجاجی جلوس نکالے۔ خاموش جلوس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

ممبئی کے ساتھ ساتھ پونے، ناگپور، دھولیہ، جلگاؤں، اورنگ آباد، مالیگاؤں، ممبرا، بھیونڈی اور دیگر بڑے چھوٹے شہروں سے احتجاج کی خبروں نے حکومت اور انتظامیہ کی نیندیں اڑا دی ہیں، لیکن عوام کا غصہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔

ممبئی کے متمول اور فلمی دنیا کا علاقہ کہے جانے والے باندرہ میں بڑی تعداد میں لوگ جن میں خواتین کی اکثریت تھی، احتجاج میں شریک ہوئے اور ان واقعات میں ملوث افراد اور ان کے حامیوں کو سخت سزا دینے کی وکالت کی ہے۔

دریں اثناء معروف صنعت کار آنند مہیندرا نے جموں میں کٹھوعہ اور اناؤ آبروریزی معاملات سے دل برداشتہ ہوکر سوشل میڈیا پر زانیوں کے لئے جلاد بننے کی پیش کش کی ہے کہ میں ملک میں کمسن لڑکیوں کا جنسی استحصال کرنے والے زانیوں کو پھانسی دینے کے کی غرض سے جلاد بننے کے لئے تیار ہوں۔

جبکہ مہاراشٹر نونرمان سینا کے سربراہ راج ٹھاکرے نے بی جے پی پر زانیوں کا ساتھ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ ان ملزمین کو سخت سے سخت سزا دی جائے، حال میں انہوں نے شریعت کے تحت سزا دینے کی وکالت کی تھی۔

انہوں نے کٹھوعہ کے واقعہ کی بھرپور مذمت کی اور کہا کہ مندر میں جو کہ ایک مقدس مقام ہوتا ہے، یہ فعل انجام دینا انتہائی افسوس ناک ہے اور آٹھ سالہ بچی کے ساتھ ایسا کرنا جو کہ مذہب کے بارے میں بھی نہیں جانتی ہے، اس کے ساتھ چھے لوگوں نے جنسی زیادتی انجام دی اور بے دردی سے پتھر سے سر کچل دیا، ایسے افراد کو پھانسی پر لٹکا دینا چاہئے۔
Share/Save/Bookmark