QR codeQR code

ایران کے وزیر مواصلات کا دورہ اسلام آباد

ایران پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور استحکام کو اپنے لئے فائدہ مند سمجھتا ہے

13 Apr 2018 گھنٹہ 15:15

ایران پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات بالخصوص بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے آمادہ ہے: عباس آخوندی


ایران کے وزیر مواصلات نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کے ساتھ کثیرالجہتی تعلقات بالخصوص بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے آمادہ ہے.

یہ بات وزیر مواصلات اور شہری ترقی عباس آخوندی نے جعمرات کے روز اسلام آباد کے دورے کے موقع پر پاکستان کے وفاقی وزیر برائے سمندری امور میر حاصل خان بزنجو کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی.

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ زمینی، فضائی، سمندری اور ریلوے شعبوں میں مواصلاتی نظام کو بہتر اور ان شعبوں سے متعلق باہمی تعاون کو بڑھانے کے لئے آمادہ ہیں.

عباس آخوندی نے کہا کہ ایران گوادر اور کراچی بندرگاہوں کے درمیان فیری سروس شروع کرنے کا خیرمقدم کرتا ہے اور ہم اس سروس کو ایران کی دوسری بندرگاہ بندرعباس اور خرمشہر تک بڑھانے کے لئے آمادہ ہیں.

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران پاکستان کی ترقی،خوشحالی اور استحکام کو اپنے لئے فائدہ مند سمجھتا ہے اور اس حوالے سے ہم کسی بھی تعاون سے گریز نہیں کریں گے.

ایرانی وزیر مواصلات نے کہا کہ ایران کے زاہدان، زابل اور چابہار کے شہروں سے پاکستانی شہر کوئٹہ، کراچی اور لاہور کے لئے براہ راست پروازوں کے آغاز کے لئے بھی دوطرفہ تعاون کے خواہاں ہیں.

انہوں نے چابہار اور گوادر کے درمیان ریلوے لائن کی تعمیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تفتان کوئٹہ ریلوے لائن کو بہتر بنانے کے لئے آمادہ ہیں.

یاد رہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر مواصلات اور شہری ترقی اعلی سطحی وفد کی قیادت میں 3 روزہ سرکاری دورے پر آج پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد پہنچ گئے.

تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائے اڈے پر پاکستانی وزارت جہاز رانی کے اعلی حکام نے عباس آخوندی اور ایرانی وفد کے ممبران کا استقبال کیا.

اس موقع پر پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر مہدی ہنردوست اور دیگر ایرانی سفارتکار بھی موجود تھے.

اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران عباس آخوندی نے پاکستانی ہم منصب اکرم خان درانی، وزیر جہاز رانی میر حاصل خان بزنجو اور وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق سے ملاقاتیں کیں.

عباس آخوندی جمعہ اور ہفتہ کے روز کراچی اور لاہور بھی جائیں گے.

کراچی میں اپنے قیام کے دوران ایرانی وزیر پاکستان کے بانی قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دیں گے. 

عباس آخوندی کراچی اور گوادر بندرگاہوں کا بھی خصوصی دورہ کریں گے.

ایرانی وزیر مواصلات اور شہری ترقی ہفتہ کے روز لاہور پہنچیں گے جہاں وہ علامہ اقبال کے مزار پر حاضر بھی دیں گے اور لاہور کے مختلف تاریخی مقامات کا دورہ کریں گے.


خبر کا کوڈ: 324460

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/324460/ایران-کے-وزیر-مواصلات-کا-دورہ-اسلام-ا-باد

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com