تاریخ شائع کریں2018 15 March گھنٹہ 01:04
خبر کا کوڈ : 318340

ایران اور پاکستان کے درمیان میڈیا وفود کے تبادلوں پر زور

ہم پاکستان کی خبروں بالخصوص اردو زبان کے فروغ کو ترجیح دیتے ہیں
اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں مشترکہ تعاون کے فروغ کے لئے سنجیدہ اور پُرعزم ہے:سید ضیاء ہاشمی
ایران اور پاکستان کے درمیان میڈیا وفود کے تبادلوں پر زور
ایران کے سرکاری خبررساں ادارے (IRNA) کے منیجنگ ڈائریکٹر نے مسلم امہ کے خلاف بعض مغربی میڈیا کے منفی اقدامات پر کڑی تنقید کرتے ہوئے عالم اسلام بالخصوص ایران اور پاکستان کے ذرائع ابلاغ پر زور دیا ہے کہ وہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد اور یکجہتی کو فروغ دینے کے لئے کردار ادا کریں.

سید ضیاء ہاشمی نے ایران کے دورے پر آئے ہوئے پاکستان کے سنیئر صحافی اور رپورٹرز پر مشتمل میڈیا کے وفد کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بعض ممالک کے میڈیا اسلام کے پُرامن چہرے کو مسخ کرنے اور مسلمانوں کے درمیان خلفشار پیدا کرنے کے راستے پر گامزن ہیں.

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی میڈیا بالخصوص ایران اور پاکستان کے ذرائع ابلاغ کا یہ ایک اہم فریضہ اور مشن ہے کہ ایسی سازشوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اقوام اور حکمرانوں کے درمیان یکدلی اور یکجہتی کو فروغ دیں.

ہاشمی نے اسلامی معاشروں کے درمیان یکجہتی اور وحدت کے فروغ کے لئے میڈیا کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے مزید کہا کہ اس حوالے سے ایران اور پاکستان کے میڈیا پر بھی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے.

پاک ایران دیرینہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے ارنا چیف نے بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں مشترکہ تعاون کے فروغ کے لئے سنجیدہ اور پُرعزم ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف کے حالیہ دورہ پاکستان اور اعلی سیاسی،عسکری قیادت کے ساتھ ان کی ملاقاتوں سے دونوں ممالک اور اقوام کے درمیان مضبوط دوستی اور قریبی تعلقات ظاہر ہوتے ہیں.

سید ضیاء ہاشمی نے کہا کہ ارنا نیوز ایجنسی کی نگاہ میں عالم اسلام، علاقائی تبدیلیوں بالخصوص پاکستان کو بڑی اہمیت حاصل ہے اور ہم پاکستان کی خبروں بالخصوص اردو زبان کے فروغ کو ترجیح دیتے ہیں.

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ارنا نیوز ایجنسی ایران کی صورتحال، علاقائی اور ہمسایہ ممالک کے حوالے سے اردو اور انگریزی سمیت 9 زبانوں میں خبریں نشر کرتی ہے.

ہاشمی نے اس بات پر زور دیا ہے کہ ہم پاکستانی قوم اور اردو زبان کو بڑی اہمیت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں.

انہوں نے پاکستان کے سرکاری خبررساں ادارے کو پیشکش کی ہے کہ وہ بھی فارسی سروس کا آگاز کرے جس کا مقصد مصدقہ خبریں کی نشر بالخصوص عوام اور حکمرانوں کے درمیان اعتماد کی فضا پیدا کرنا ہے.

ارنا نیوز ایجنسی کے سربراہ نے ایران اور پاکستان کے درمیان میڈیا وفود کے تبادلوں پر بھی زور دیا.

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستانی وفد میں سچ ٹی وی کے منیجنگ ڈائریکٹر سید علی عمار، اب تک ٹی وی کے ڈائریکٹر شہاب محمود، نیوز ون ٹی وی کے سنیئر تجزیہ کار سجاد میر، روزنامہ نوائے وقت کے ایڈٹر جاوید صدیق، آج ٹی وی کراچی کے رپورٹر رفعت سعید اور پاکستانی وزارت اطلاعات و نشریات کے ڈائریکٹر ایکسٹرنل پبلیسٹی اشفاق علی میمن شامل تھے.

اس سال ایران کا دورہ کرنے والا یہ دوسرا پاکستانی میڈیا وفد ہے، اس سے پہلے گزشتہ برس ستمبر میں ایک پاکستانی میڈیا وفد نے ایران کا دورہ کیا تھا.
https://taghribnews.com/vdci5vaput1azp2.s7ct.html
آپ کا نام
آپکا ایمیل ایڈریس
سکیورٹی کوڈ