QR codeQR code

یمن میں انسانی حقوق کی پامالی

27 Aug 2017 گھنٹہ 15:57

یمن کی بیالیس شہری و سماجی تنظیموں کا صنعا میں مختلف ممالک کے سفیروں اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے نمائندے کے نام خط


القدس العربی نے اپنی ویب سائٹ پر ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ یمن کی شہری و سماجی تنظیموں نے صنعا میں مختلف ممالک کے سفیروں اور اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ادارے کے نمائندے کے نام خط ارسال کیا ہے جس میں لکھا ہے کہ یمن کی جنگ کو دو سال سے زیادہ کا عرضہ گذر رہا ہے اور اس میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد ہزاروں میں پہنچ چکی ہے جبکہ انسانی حقوق کی پامالی میں بھی پے پناہ اضافہ ہوا ہے-


اس خط کے دوسرے حصے میں آیا ہے کہ قحط ، ہیضہ اور دیگر بیماریاں ، عام شہریوں کا قتل عام ، تشدد ، بنیادی تنصیبات ، اسکول اور طبی مراکز کی تباہی ، جلاوطنی و دربدری، قتل و تشدد اور لوٹ مار وہ جملہ جرائم ہیں کہ جو یمن میں جاری ہیں-


اس خط میں آیا ہے کہ انھیں اپنے اموال و املاک کی ضبطی اور تعز جیسے محصور علاقوں میں انسانی ہمدردی کی امداد پہنچنے میں رکاوٹوں کا سامنا ہے جبکہ روز مرہ کے امور کی انجام دہی میں بھی انہیں شدید مسائل و مشکلات کا سامنا ہے -


ماؤں کی ایسوسی ایشن نے بھی اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں یمن میں اغوا کے دوسو نوے، تشدد کے آٹھ سو اٹھارہ واقعات رونما ہونے اور سماجی تشدد میں ستّر فیصد اضافے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ گذشتہ برس جنسی جارحیت سمیت خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدد کے دس ہزار واقعات درج کئے گئے ہیں-


دوسری جانب یمن کی انقلابی کمیٹی کے سربراہ محمد علی الحوثی نے کہا ہے کہ یمنی عوام اپنے حقوق کے حصول کے لئے اقوام متحدہ پر نہیں بلکہ اپنے انقلابی جوانوں کی جد و جہد پر بھروسہ کرتے ہیں - محمد علی الحوثی نے نھم کے محاذوں پر فوجی اور رضاکار فورس کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے سعودی و امریکی دشمن کے مقابلے میں ان کی استقامت کی قدردانی کی-  


محمد علی الحوثی نے کہا کہ یمن اپنے حق کے حصول کے لئے انقلابی جوانوں کی جدوجہد پر تکیہ کرتا ہے- محمد علی الحوثی نے جنوبی صنعا کے فج عطان علاقے کے رہائشی علاقوں پر سعودی جنگی طیاروں کی بمباری کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بہادر یمنی جوان ، دشمن پر کامیابی حاصل کر کے بےگناہوں کے خون کا انتقام لے لیں گے-


تحریک انصاراللہ کے ترجمان نے بھی سعودی عرب کی اس جارحیت پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ سعودی سربراہی میں جاری جرائم کو اہمیت نہیں دے رہا ہے اس لئے یمنی عوام کے قتل عام کی ذمہ داری اس پر عائد ہوتی ہے- سعودی عرب کے جنگی طیاروں نے جمعے کو شہر صنعا کے عطان علاقے پر بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں اٹھارہ بے گناہ شہری جاں بحق اور بیس دیگر زخمی ہوگئے تھے -


آل سعود مارچ دوہزار پندرہ سے امریکہ اور علاقے کے بعض عرب ممالک کی مدد سے یمن کے مظلوم عوام پر بمباری کر رہا ہے جس میں ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی ہوچکے ہیں جبکہ اس ملک کی بنیادی تنصیبات پوری طرح تباہ ہوچکی ہیں-

 
 
 
 
 
 
 


خبر کا کوڈ: 281341

خبر کا ایڈریس :
https://www.taghribnews.com/ur/news/281341/یمن-میں-انسانی-حقوق-کی-پامالی

تقريب خبررسان ايجنسی (TNA)
  https://www.taghribnews.com