تقريب خبررسان ايجنسی 15 مرداد 1399 گھنٹہ 1:14 http://www.taghribnews.com/ur/news/471573/ہم-بھارتی-وزارت-خارجہ-کے-بیان-کو-یکسر-مسترد-کرتے-ہیں -------------------------------------------------- ٹائٹل : ہم بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ -------------------------------------------------- بھارت جھوٹے دلائل اور بےحسی کا مظاہرہ کرکے اپنے غیر قانونی اقدامات پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔ دفتر خارجہ پاکستان متن : پاکستان کے دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت جھوٹے دلائل اور بےحسی کا مظاہرہ کرکے اپنے غیر قانونی اقدامات پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔ پاکستان کے نئے سیاسی نقشے کے حوالے سے بھارتی بیان پر ردعمل میں دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم پاکستان کے نئے سیاسی نقشے سے متعلق بھارتی وزارت خارجہ کے بیان کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جھوٹی دلیل اور بےحسی کا مظاہرہ کرکے بھارت، 5 اگست 2019 سمیت مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے غیر قانونی اور ناقابل قبول اقدامات پر پردہ نہیں ڈال سکتا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ اس ملک کے لیے بے سروپا بات ہے جو زبردستی توسیع چاہتا ہو اور دھٹائی کے ساتھ ریاستی دہشت گردی کا مظاہرہ کرتا ہو کہ وہ دوسروں پر الزامات لگائے۔ ترجمان نے کہا کہ بھارت، جموں و کشمیر کے حصوں پر 1947 سے غیر قانونی طور پر قابض ہے اور دہائیوں سے مسلسل اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 72 سال سے کشمیریوں پر ظلم و جبر کے باوجود بھارت انہیں ان کے مقصد سے پیچھے ہٹانے اور جھکنے پر مجبور کرنے میں ناکام رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اس حوالے سے پوزیشن بالکل واضح اور غیر مبہم ہے، تنازع کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی زیر نگرانی کشمیریوں کو آزاد اور غیر جانبدار استصواب رائے کے ذریعے ان کا حق خود ارادیت دینا ہے۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ حکومت، قیادت اور پاکستان کے عوام اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازع کشمیر کے حل کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے جاری کیا جانے والا سیاسی نقشہ پرزور طریقے سے اس کے اس عزم کو ظاہر کرتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان کی طرف سے ملک کے نئے سیاسی نقشے پر ردعمل میں بھارت نے اسے مضحکہ خیز دعویٰ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ اس نقشے کی کوئی قانونی اور بین الاقوامی حیثیت نہیں ہے۔